پشاور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وفاقی اور خیبرپختونخوا حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایک پیج پر ہیں اور مشترکہ کوششوں سے صوبے میں امن قائم کیا جائے گا۔
پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے خاتمے، سیکیورٹی اداروں کی استعداد کار بڑھانے اور ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ آج پہلی مرتبہ وہ فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ وفاق اور صوبائی حکومت ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے ماضی کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہلکار شہادتیں دے رہے تھے، لیکن اس وقت متعلقہ قیادت جنازوں میں بھی شرکت نہیں کرتی تھی۔
وزیر داخلہ نے عزم ظاہر کیا کہ وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان تعاون برقرار رہا تو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی قیادت میں خیبرپختونخوا سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کوششیں کی جائیں گی۔
اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی قربانی دی جا سکتی ہے، لیکن سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف اقدامات کے نتائج نمایاں ہونے چاہییں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا۔
اجلاس میں سیکیورٹی پلان کا ازسرنو جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پولیس اور محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کو درکار جدید اسلحہ اور ضروری سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائیں گی۔