پشاور/چاغی: خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے باڑہ میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، جبکہ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کردیا۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے مزید 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق مذکورہ دہشتگردوں نے نوکچہ میں ایک خالی واٹر باؤزر کو آگ لگانے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی تھی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں ہلاک کردیا۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد این 40 شاہراہ کے مختلف مقامات پر آتشزدگی کی تخریبی کارروائیوں میں بھی ملوث پائے گئے تھے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل 31 اگست کو بھی اسی نوعیت کی تخریبی کارروائیوں میں ملوث فتنہ الخوارج کے 11 دہشتگرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔