مری: مری کے علاقے مسیاڑی لوئر موہڑا بڑا ہوتر کے قریب سکول کے بچوں کو لے جانے والی سوزوکی بولان بے قابو ہوکر سڑک سے نیچے جاگری، جس کے فوراً بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کے وقت وین میں سرکاری اور نجی سکولوں کے بچے سوار تھے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور گاڑی میں موجود تمام زخمیوں کو بحفاظت باہر نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
ریسکیو ٹیموں نے زخمی بچوں کو مزید طبی امداد کے لیے سول ہسپتال مری منتقل کردیا، جبکہ فائر فائٹنگ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے وین میں لگی آگ پر قابو پالیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے بیشتر بچوں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔ حادثے کے بعد متعلقہ انتظامیہ بھی متحرک ہوگئی۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر مری سول ہسپتال پہنچے اور زخمی بچوں کی عیادت کی۔ حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔