تازہ ترین

کراچی میں کالعدم تنظیم کا انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر گرفتار

0

کراچی میں دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی نے وفاقی سول حساس ادارے کے ہمراہ کالعدم دہشت گرد تنظیم سے وابستہ انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر سید محمد عسکری عابدی کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم سے اسلحہ اور دستی بم برآمد ہونے کے بعد اس سے مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک ہینڈ گرنیڈ اور ایک کلاشنکوف برآمد ہوئی ہے، جبکہ اس کا نام سی ٹی ڈی کی ریڈ بک ایڈیشن 10 میں انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل تھا۔ حکام کے مطابق ملزم طویل عرصے سے روپوش تھا اور کراچی میں دوبارہ اپنا نیٹ ورک منظم کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم کے دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔ تفتیش میں ملزم کی جانب سے دیگر دہشت گرد ساتھیوں کے ہمراہ مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی سامنے آیا ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پہلے ریکی کرتا اور اس کے بعد ہدف کو نشانہ بناتا تھا۔ گرفتار دہشت گرد کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں ٹارگٹ کلنگ کے مقدمات بھی درج ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش اور جوائنٹ انویسٹی گیشن کا عمل جاری ہے، جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.