پاکستان کے مجموعی قرضوں کا حجم تاریخ کی نئی بلند سطح پر پہنچ گیا ہے، ایک سال کے دوران ملکی قرض میں 5.2 ٹریلین روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد مجموعی قرض 99.6 ٹریلین روپے ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک کے مجموعی قرضوں سے متعلق تازہ اعداد و شمار جاری کردیئے ہیں، جن کے مطابق 30 جون 2025 تک پاکستان کا مجموعی قرض 94.387 ٹریلین روپے تھا، جو جون 2026 تک بڑھ کر 99.6 ٹریلین روپے ہوگیا۔
مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق وفاقی حکومت کا مقامی قرض 59.441 ٹریلین روپے تک پہنچ گیا، جبکہ جون 2026 تک پاکستان کا بیرونی قرض 36.19 ٹریلین روپے ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2026 کے دوران قرضوں کی مجموعی ادائیگی 11.966 ٹریلین روپے رہی، جس میں بیرونی قرض کی اصل رقم کی مد میں 4.466 ٹریلین روپے ادا کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026 کے دوران قرضوں پر 7.266 ٹریلین روپے سود ادا کیا گیا، جبکہ مالی سال 2025 میں قرضوں پر سود کی ادائیگی 9.466 ٹریلین روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔