پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی پیداوار اکتوبر سے شروع ہونے کا امکان
کراچی: پاکستان میں نئی انرجی گاڑیوں کی مقامی تیاری کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے، گھارو میں بی وائی ڈی میگا موٹر کمپنی کا اسمبلی پلانٹ تعمیر کے آخری مراحل میں پہنچ گیا ہے اور 2026 کی دوسری ششماہی میں اس کے آپریشنز شروع ہونے کا امکان ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق گھارو میں زیر تعمیر گاڑیوں کے اسمبلی پلانٹ میں مشینری اور دیگر آلات کی تنصیب کے ساتھ ان کی جانچ کا عمل بھی جاری ہے۔ کمپنی کے مطابق پلانٹ 2026 کی دوسری ششماہی میں کام شروع کردے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ پلانٹ کی تعمیر 18 ماہ سے بھی کم عرصے میں مکمل کی گئی، جو پاکستان میں اس حجم کے گاڑیوں کی تیاری کے منصوبوں میں تیز ترین تعمیراتی پیش رفت میں شامل ہے۔
بڑے پیمانے پر گاڑیوں کی تیاری شروع کرنے سے قبل پلانٹ میں مشینری کی مکمل جانچ، گاڑیوں کی آزمائشی تیاری اور معیار کی جانچ کے مراحل مکمل کیے جائیں گے۔ اس عمل کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ مقامی طور پر تیار ہونے والی گاڑیاں بی وائی ڈی کے عالمی معیار کے مطابق ہوں۔
کمپنی کے مطابق تمام ضروری مراحل مکمل ہونے کے بعد بی وائی ڈی میگا موٹر مقامی سطح پر گاڑیوں کی تیاری اور اسمبلی کا باقاعدہ آغاز کرے گی، جبکہ پیداوار کے دوران معیار اور گاڑیوں کی تیاری میں یکسانیت برقرار رکھنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔