تازہ ترین

پی ٹی آئی وفد کی فضل الرحمٰن سے ملاقات، مشترکہ اپوزیشن پر اہم پیش رفت

0

اسلام آباد: اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی کے لیے سیاسی رابطوں میں تیزی آگئی، تحریک انصاف کے وفد نے مولانا فضل الرحمٰن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں مشترکہ اپوزیشن، احتجاجی تحریک، آل پارٹیز کانفرنس اور ملک کو درپیش اہم مسائل پر مشاورت کی گئی۔

پی ٹی آئی وفد میں چیئرمین بیرسٹر گوہر اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر شامل تھے۔ مولانا فضل الرحمٰن اور دیگر جے یو آئی رہنماؤں نے وفد کا استقبال کیا، جس کے بعد دونوں جانب سے سیاسی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مولانا فضل الرحمٰن سے مشترکہ اپوزیشن کے معاملے پر بات ہوئی ہے اور قومی اسمبلی و سینیٹ میں مشترکہ اپوزیشن کے حوالے سے اتفاق پایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج مشترکہ اپوزیشن کے حوالے سے پہلی باقاعدہ ملاقات ہوئی، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی معاملات پر دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔

بیرسٹر گوہر کے مطابق صوبوں سے متعلق معاملات پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی تیاری کی جارہی ہے، جبکہ مشترکہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے اسمبلی اجلاسوں، قیدیوں اور دیگر اہم معاملات پر متفقہ مشاورت کی جائے گی۔

انہوں نے ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی رابطوں کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

جے یو آئی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے پی ٹی آئی وفد کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مشاورتی اجلاس میں آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد سمیت مختلف قومی معاملات پر بات چیت ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام، بلوچستان میں بدامنی، دہشتگردی اور دیگر مسائل بھی زیر بحث آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت متعدد مشکلات میں گھرا ہوا ہے اور اپوزیشن جماعتیں ان مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گی۔

پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے درمیان حالیہ رابطوں کو اپوزیشن جماعتوں کے درمیان مشترکہ حکمت عملی کی تشکیل کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں مزید مشاورت اور سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا امکان ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.