تازہ ترین

اسلام آباد میں داخل ہوں گے، مطالبات پورے نہ ہوئے تو واپس نہیں آئیں گے: شفیع اللہ جان

0

27 ستمبر کے پی ٹی آئی لانگ مارچ سے قبل سیاسی صف بندی میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع اللہ جان نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام سے بعض معاملات طے پاچکے ہیں جبکہ باقی امور پر مشاورت جاری ہے، اور آئندہ لانگ مارچ میں مختلف سیاسی جماعتوں کی شرکت متوقع ہے۔

پروگرام ’’سینٹر اسٹیج‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع اللہ جان نے کہا کہ پی ٹی آئی اور مولانا فضل الرحمٰن کی جماعت جمعیت علمائے اسلام کے درمیان مثبت پیش رفت ہوئی ہے، جس کے بارے میں جلد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ جے یو آئی کے ساتھ کچھ معاملات طے پاچکے ہیں جبکہ دیگر امور پر ملاقاتیں اور مشاورت جاری ہے۔ ان کے مطابق سیاسی رابطوں کا سلسلہ جاری ہے اور آنے والے دنوں میں اس حوالے سے اہم خبریں سامنے آسکتی ہیں۔

شفیع اللہ جان نے کہا کہ اس مرتبہ پی ٹی آئی کا احتجاج فیصلہ کن ہوگا اور جماعت ہر صورت اسلام آباد میں داخل ہونے کی کوشش کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مطالبات منظور نہ کیے گئے تو اسلام آباد سے واپس نہیں جائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکمت عملی کے تحت پی ٹی آئی کے تمام کارکن اسلام آباد نہیں جائیں گے بلکہ احتجاج کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ دو برس کے دوران پی ٹی آئی نے باضابطہ احتجاج کی کال دینے کے بجائے قانونی راستے اختیار کیے، لیکن کہیں سے شنوائی نہیں ہوئی۔

خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات نے کہا کہ احتجاج پی ٹی آئی کے لیے آخری راستہ تھا، تاہم اب 27 ستمبر کا احتجاج محض ایک معمول کی سیاسی سرگرمی نہیں ہوگا بلکہ اسے فیصلہ کن مرحلے کے طور پر لیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ میں دیگر سیاسی جماعتوں کی شرکت کے حوالے سے بھی پیش رفت جاری ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ مختلف جماعتیں اس احتجاج میں شریک ہوں۔

27 ستمبر کے احتجاج کے اعلان کے بعد حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان سیاسی کشیدگی پہلے ہی بڑھ چکی ہے، جبکہ جے یو آئی سے رابطوں اور ممکنہ تعاون نے اس احتجاج کے حوالے سے سیاسی صورتحال کو مزید اہم بنا دیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.