اسحاق ڈار کی ترک ہم منصب سے گفتگو`باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: پاکستان اور ترکیہ نے فلسطین سمیت خطے کی صورتحال پر قریبی رابطہ اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی آئندہ ملاقات بھی طے پاگئی ہے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران فلسطین کے معاملے پر پاکستان اور ترکیہ کے مشترکہ مؤقف کا اعادہ کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے درآمدات پر برطانیہ کی جانب سے پابندی کے اقدام کی حمایت بھی کی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی صورتحال پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور سعودی عرب و مصر کے ساتھ ریجنل فور کے ذریعے علاقائی معاملات پر مشاورت کی اہمیت پر زور دیا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ ملاقات نیویارک میں ہوگی۔