تازہ ترین

چین کی بندرگاہ پر خوفناک آتشزدگی، کارگو جہاز میں 25 افراد ہلاک

0

بیجنگ: چین کے اہم بندرگاہی شہر چنگ ڈاؤ میں مرمت کے لیے کھڑے غیر ملکی پرچم بردار کارگو جہاز میں خوفناک آگ بھڑکنے سے 25 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

چینی سرکاری میڈیا کے مطابق آگ مقامی وقت کے مطابق 10 ستمبر کو صبح تقریباً 11 بج کر 15 منٹ پر چنگ ڈاؤ کے بیہائی شپ یارڈ میں اس وقت لگی جب جہاز پر مرمت اور معائنے کا کام جاری تھا۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے جہاز کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

حکام کے مطابق حادثے کے وقت جہاز پر مجموعی طور پر 42 افراد موجود تھے۔ امدادی کارروائی کے دوران 12 افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا جبکہ 5 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی گئی۔ بعد ازاں لاپتا افراد کی تلاش مکمل ہونے پر 25 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اطلاعات کے مطابق آگ پر تقریباً 2 بج کر 30 منٹ تک قابو پالیا گیا۔ فائر فائٹرز اور امدادی ٹیموں نے جہاز اور شپ یارڈ میں کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ افراد کی تلاش اور امداد کا کام مکمل کیا۔

جس جہاز میں آگ لگی اسے اوشن میلوڈی بتایا گیا ہے۔ یہ تقریباً 190 میٹر طویل مال بردار جہاز ہے اور لائبیریا کے پرچم تلے سفر کرتا ہے۔ جہاز 31 اگست کو چنگ ڈاؤ پہنچا تھا اور حادثے کے وقت مرمت کے لیے شپ یارڈ میں موجود تھا۔

ابتدائی اطلاعات میں آگ لگنے کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔ عینی شاہدین کے مطابق جہاز سے گہرا دھواں اٹھتا دیکھا گیا، تاہم فوری طور پر کسی بڑے دھماکے کی اطلاع نہیں ملی۔

چینی صدر شی جن پنگ نے واقعے کے بعد امدادی کارروائیوں تیز کرنے، آگ لگنے کی وجہ کی فوری تحقیقات اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم لی چیانگ نے بھی پھنسے ہوئے افراد کی تلاش اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

حادثے کے بعد چنگ ڈاؤ شپ یارڈ میں حفاظتی انتظامات اور مرمتی کام کے دوران اختیار کیے جانے والے حفاظتی طریقہ کار کا بھی جائزہ لیے جانے کا امکان ہے، جبکہ حکام نے واقعے کی مکمل وجوہات سامنے آنے تک تحقیقات جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.