تازہ ترین

حکومت کو مزید وقت نہیں دے سکتے، اسلام آباد مارچ کا فیصلہ ہوچکا: حافظ نعیم

0

حکومت کے خلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک ایک اہم مرحلے میں داخل ہوگئی ہے، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام دارالحکومت کی جانب مارچ کے لیے بےتاب ہیں اور اب حکومت کو مزید وقت نہیں دیا جاسکتا۔

لاہور میں پیٹرولیم لیوی کے خلاف جاری دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اسلام آباد لانگ مارچ کے حوالے سے قیادت کا اجلاس کل سہ پہر 3 بجے طلب کرلیا گیا ہے، جبکہ گوجرانوالہ میں ہونے والے جلسے میں لانگ مارچ کی باقاعدہ کال دی جائے گی۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت بار بار مزید وقت مانگ رہی ہے، لیکن جماعت اسلامی پہلے ہی حکومت کو 26 دن کا وقت دے چکی ہے، اب مزید مہلت دینا ممکن نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد مارچ کا فیصلہ ہوچکا ہے اور جماعت اسلامی اس سمت میں آگے بڑھے گی۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے خبردار کیا کہ اگر احتجاج کی کال دے دی گئی تو حالات قابو میں رکھنا حکومت کے لیے آسان نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق عوام اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر نکل رہے ہیں اور جماعت اسلامی بھی اپنے مطالبات سے پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں۔

انہوں نے لاہور کے دھرنے کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر کی تاریخ میں اس نوعیت کا اتنا بڑا دھرنا پہلے نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی، حیدرآباد اور سرگودھا میں بھی جماعت اسلامی کے دھرنے جاری ہیں، جس سے احتجاجی تحریک کا دائرہ مزید وسیع ہوگیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت اور حکمران خاندانوں کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان تقریباً 40 سال سے اقتدار میں ہے، لیکن عوام کی مشکلات کم ہونے کے بجائے بڑھتی چلی گئیں۔ انہوں نے مریم نواز کی جانب سے اپنے والد کے نام پر تعلیمی ادارے بنانے پر بھی تنقید کی۔

امیر جماعت اسلامی نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی سیاست معاشرے میں تعصب پیدا کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا احتجاج کسی ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے لیے ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھرنا دینا کوئی معمولی کام نہیں، لوگ اپنے حق کے لیے گھروں سے نکلے ہیں۔ حکومت کی جانب سے یہ سوال اٹھایا جارہا ہے کہ اگر پیٹرولیم لیوی وصول نہ کی جائے تو حکومتی امور کیسے چلائے جائیں گے، لیکن حکومت نے ابھی تک جماعت اسلامی کی ٹیم کے مطالبات کا عملی جواب نہیں دیا۔

حافظ نعیم الرحمٰن کے مطابق حکومت اپنے ہی محکموں سے بات چیت کے لیے بار بار وقت مانگ رہی ہے، جبکہ جماعت اسلامی کا مؤقف واضح ہے کہ عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے ان کے مسائل کا عملی حل نکالا جائے۔

انہوں نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا کہ جماعت اسلامی احتجاجی تحریک جاری رکھے گی اور اسلام آباد لانگ مارچ کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل قیادت کے اجلاس اور گوجرانوالہ جلسے میں سامنے لایا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.