تازہ ترین

قائداعظم کو خراج عقیدت کا بہترین طریقہ اتحاد اور معاشی استحکام ہے: شہباز شریف

0

وزیراعظم شہباز شریف نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 78ویں برسی پر قوم سے اتحاد، سماجی ہم آہنگی اور معاشی استحکام کے لیے متحد ہوکر کام کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانیٔ پاکستان کے وژن کو عملی شکل دینا ہی انہیں حقیقی خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔

قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 78ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے بانیٔ پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کی بصیرت، سیاسی تدبر اور بے مثال قیادت نے برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی کی جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کیا اور ایک آزاد ریاست کے قیام کی بنیاد فراہم کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم نے انتہائی مشکل حالات میں پاکستان کی قیادت سنبھالی اور نومولود ریاست کو درپیش انتظامی و مالی مشکلات، لاکھوں مہاجرین کی آبادکاری اور حکومتی نظام کے قیام جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا کیا۔

وزیراعظم کے مطابق قائداعظم نے واضح کیا تھا کہ پاکستان ایک ایسی ریاست ہوگی جو اسلامی اصولوں پر قائم ہو، جہاں رنگ، نسل اور مذہب کی بنیاد پر تفریق کے بغیر شہری آزادی، مذہبی آزادی اور بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک ترقی یافتہ، خوشحال اور فلاحی ریاست بنانا قائداعظم کے سیاسی ورثے کا بنیادی مقصد ہے، جبکہ ملکی ترقی، عوامی خوشحالی اور فلاح کے اہداف پوری قوم کی مشترکہ اور مربوط کوششوں سے ہی حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم کی برسی ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتی ہے کہ قوم ان کے رہنما اصول ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط پر ثابت قدمی سے عمل کرے گی اور نئی نسل کی تعلیم و تربیت میں بھی ان اصولوں کو بنیادی اہمیت دی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم کی میراث کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ قومی یکجہتی، سماجی ہم آہنگی اور معاشی استحکام کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنا ہے، تاکہ آنے والی نسلوں کو ایسا پاکستان دیا جاسکے جو بانیٔ پاکستان کے وژن، نظریات اور اصولوں کی حقیقی عکاسی کرتا ہو۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے بھی دعا کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.