تازہ ترین

سندھ میں بارشوں کا نیا سلسلہ، کراچی بھی متاثر ہونے کا امکان

0

کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں 14 سے 16 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی پیشگوئی کردی ہے، جبکہ سندھ کے مختلف اضلاع میں کہیں ہلکی اور کہیں درمیانی سے تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغربی خلیج بنگال اور ملحقہ بھارتی ریاست اڑیسہ کے ساحلی علاقے پر مون سون کا کم دباؤ موجود ہے، جو مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے۔ اس موسمی نظام کے زیر اثر سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 13 ستمبر کی شام سے 16 ستمبر تک تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور ٹنڈو محمد خان میں گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر درمیانی اور کہیں کہیں موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔

سانگھڑ، خیرپور، حیدرآباد، ٹنڈو الٰہ یار، مٹیاری، شہید بینظیر آباد اور جامشورو میں بھی 14 سے 16 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور گرد آلود ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے جمعہ سے اتوار تک تین روزہ پیشگوئی میں کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ظاہر کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارش کا امکان وقفے وقفے سے رہے گا، جبکہ شہر میں موسم کے بدلتے حالات کے دوران شہریوں کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.