ایشین گیمز کیلئے 165 رکنی پاکستانی دستے کو این او سی جاری
اسلام آباد: ایشین گیمز میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آگئی، پاکستان اسپورٹس بورڈ نے 165 کھلاڑیوں اور آفیشلز کو جاپان میں ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کے لیے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ جاری کردیئے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی کبڈی ٹیم 14 ستمبر کو اسلام آباد سے جاپان کے شہر ایچی ناگویا روانہ ہوگی، جبکہ قومی ہاکی ٹیم بھی اسی روز جنوبی کوریا سے ایچی ناگویا پہنچے گی۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن پہلے ہی 234 رکنی قومی دستے کا اعلان کرچکی ہے، تاہم پاکستان اسپورٹس بورڈ نے فی الحال ان فیڈریشنز سے وابستہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو این او سی جاری کیے ہیں جو بورڈ سے الحاق شدہ ہیں یا جن کے اخراجات میں پی ایس بی معاونت کررہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ان کھلاڑیوں کو تاحال این او سی نہیں مل سکا جن کی متعلقہ فیڈریشنز پاکستان اسپورٹس بورڈ سے الحاق شدہ نہیں اور جو اپنے اخراجات پر ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
پی او اے کے سیکریٹری خالد محمود کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ 93 کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اخراجات برداشت کررہا ہے، جبکہ دیگر ارکان کی شرکت کے اخراجات متعلقہ فیڈریشنز اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی معاونت سے پورے کیے جائیں گے۔
ایشین گیمز کی افتتاحی تقریب 19 ستمبر کو ہوگی، تاہم مختلف کھیلوں کے مقابلے 17 ستمبر سے ہی شروع ہوجائیں گے۔
پاکستان کو ایتھلیٹکس، شوٹنگ، ہاکی، کرکٹ اور ووشو میں بہتر کارکردگی دکھانے اور تمغے حاصل کرنے کی امید ہے۔