تازہ ترین

ایران نے جوہری پروگرام سے متعلق الزامات مسترد کردیئے

0

تہران: ایران نے اپنے جوہری پروگرام سے متعلق نئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں تکنیکی شواہد کے بجائے سیاسی نوعیت کا قرار دے دیا ہے، جبکہ تہران نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اپنے خلاف کارروائی کی قانونی بنیاد پر بھی سوال اٹھایا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور ناظم الامور غلام حسین درزی نے سلامتی کونسل کے صدر کو خط لکھا، جس میں جمعرات کے اجلاس کے دوران ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق عائد کیے گئے الزامات کو مسترد کیا گیا۔

ایرانی سفارت کار نے اپنے خط میں کہا کہ ایران کے پُرامن جوہری پروگرام کے خلاف دوبارہ سامنے آنے والے الزامات تکنیکی بنیادوں پر نہیں بلکہ سیاسی نوعیت کے ہیں۔

غلام حسین درزی نے مؤقف اختیار کیا کہ ایران کے خلاف سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کی مدت اکتوبر 2025 میں ختم ہوچکی ہے، اس لیے اس قرارداد کی بنیاد پر ایران کے خلاف نئے دعووں کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔

ایرانی مؤقف ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تہران کے جوہری پروگرام پر عالمی سطح پر تشویش اور سفارتی کشیدگی دوبارہ بڑھ رہی ہے۔ ایران مسلسل مؤقف اختیار کرتا رہا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پُرامن مقاصد کے لیے ہے، جبکہ مغربی ممالک کی جانب سے ایران پر جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت حاصل کرنے کی کوششوں کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں۔

تازہ بیان سے واضح ہوتا ہے کہ ایران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اپنے جوہری پروگرام سے متعلق نئے الزامات کو سیاسی دباؤ کا حصہ سمجھتا ہے اور انہیں مسترد کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی قانونی بنیاد کو بھی چیلنج کررہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.