تازہ ترین

وزیراعظم کی زرعی برآمدات بڑھانے کیلئے نئی منڈیاں تلاش کرنے کی ہدایت

0

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے زرعی شعبے کی برآمدات میں اضافے کے لیے عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے اور نئی تجارتی منڈیوں کی تلاش پر زور دیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت زرعی شعبے اور زرعی برآمدات کے فروغ سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں فی ایکڑ پیداوار بڑھانے، جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال، لائیو اسٹاک کے شعبے کی ترقی اور زرعی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے سے متعلق مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے، اس لیے پیداوار اور برآمدات بڑھانے کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ اور مربوط حکمت عملی ضروری ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال پاکستان کی زرعی برآمدات 5.18 ارب ڈالر رہیں۔ برآمد کی جانے والی اہم مصنوعات میں چاول، مچھلی، حلال گوشت، آلو، تل، تمباکو، آم اور مکئی شامل ہیں۔

شہباز شریف نے بیرون ملک پاکستانی مشنز میں تعینات کمرشل افسران کو زرعی مصنوعات کے لیے نئی منڈیاں تلاش کرنے اور عالمی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی بڑھانے کے لیے فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں زرعی مصنوعات کے لیے ویلیو چینز کی تشکیل، برآمد کنندگان کو مالی سہولیات کی فراہمی اور بہتر زرعی طریقوں کے فروغ کے لیے پاکستان گڈ ایگریکلچر پریکٹسز نظام بنانے کی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ چین، ایران اور خلیجی ممالک پاکستان کی زرعی برآمدات کے لیے اہم مارکیٹیں ہیں۔ نیشنل ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیکیورٹی کونسل کو مزید فعال بنانے کی تجویز بھی پیش کی گئی، جس میں صوبوں کی نمائندگی وزرائے اعلیٰ کریں گے۔

کسانوں اور زرعی زمین کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے ڈیجیٹل فارمرز ڈائری اور ایگری اسٹیک تشکیل دینے کی تجویز بھی اجلاس میں پیش کی گئی۔ اس نظام کے ذریعے زمین اور پانی کی جانچ سے متعلق ریکارڈ بھی ڈیجیٹل کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کسانوں کو فصلوں کی نگرانی کے لیے دستیاب موبائل ایپ سے آگاہ کرنے کے لیے مؤثر آگاہی مہم چلانے کی ہدایت بھی کی۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.