27 ستمبر احتجاج کی تیاری تیز، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر میں ملاقات کیلئے رابطے
اسلام آباد: 27 ستمبر کے احتجاج کی تیاریوں کے ساتھ ملک میں سیاسی سرگرمیاں بھی تیز ہوگئی ہیں، جبکہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ملاقات طے کرنے کے لیے دونوں جانب سے رابطے شروع کردیئے گئے ہیں۔
محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت اپوزیشن رہنماؤں کا اہم اجلاس سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس کے چیمبر میں ہوا، جس میں بیرسٹر گوہر خان، بیرسٹر سلمان اکرم راجا، اسد قیصر اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں 27 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس نے تحریک انصاف کو احتجاج کے لیے بھرپور تیاری کی ہدایت کی۔
اپوزیشن جماعتوں نے ملکی حالات کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کرنے اور جلد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ بھی کیا۔ کانفرنس میں ملکی مسائل کے حل کے لیے اجتماعی لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔
دریں اثنا تحریک تحفظ آئین کا اجلاس 15 ستمبر کو طلب کرلیا گیا ہے، جس میں آل پارٹیز کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم کے خط کے بعد اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم کے دفاتر کے درمیان رابطوں کا آغاز ہوگیا ہے اور دونوں رہنماؤں کی ملاقات طے کرنے کے لیے مشاورت جاری ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی، جس میں سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور تحریک انصاف کے مارچ سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے وفد نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرکے انہیں آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔