تازہ ترین

سعودی عرب سے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 16.5 فیصد اضافہ

0

اسلام آباد: سعودی عرب پاکستان کے لیے ترسیلات زر کا سب سے بڑا ذریعہ بن گیا ہے، جہاں مقیم پاکستانی کارکنوں کی جانب سے وطن بھیجی جانے والی رقوم میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اگست کے اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب سے ترسیلات زر میں 16.5 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اگست کے دوران سعودی عرب سے پاکستان کو 873.5 ملین ڈالر موصول ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق متحدہ عرب امارات سے اسی مدت کے دوران 749.8 ملین ڈالر، برطانیہ سے 563.7 ملین ڈالر جبکہ امریکا سے 308.9 ملین ڈالر ترسیلات زر کی صورت میں پاکستان پہنچے۔

رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کارکن ہر سال خطیر رقم پاکستان بھیجتے ہیں، جبکہ نئے مالی سال کے آغاز پر ترسیلات زر میں ہونے والا اضافہ معیشت کے لیے ایک مضبوط آغاز کی علامت قرار دیا جارہا ہے۔

پاکستان کو جون میں مکمل ہونے والے مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 41.6 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، جو ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

خلیجی ممالک روایتی طور پر پاکستان کے لیے ترسیلات زر کا اہم ذریعہ رہے ہیں، جہاں لاکھوں پاکستانی کارکن مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور کئی دہائیوں سے وطن کو زرمبادلہ بھیج رہے ہیں۔

اسٹیٹ بینک نے رواں سال ترسیلات زر میں نمایاں اضافے کی توقعات بھی ظاہر کی تھیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ترسیلات زر میں اضافے کا خیرمقدم کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.