محسن نقوی سے بیک ڈور رابطے ہیں، تفصیلات نہیں بتا سکتے: بیرسٹر گوہر
اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے حکومت کے ساتھ رابطوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی سے بیک ڈور چینلز کے ذریعے رابطہ رہتا ہے، تاہم ان رابطوں کی تفصیلات میڈیا کے ساتھ شیئر نہیں کی جاسکتیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت سے ہمارا رابطہ رہتا ہے اور اسے کبھی چھپایا نہیں گیا، تاہم 27 ستمبر کے احتجاج کو مؤخر کرنے کے لیے حکومت سے کوئی بات نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کا احتجاج صرف پی ٹی آئی کا فیصلہ نہیں بلکہ تمام جماعتوں کی مشاورت سے کیا گیا ہے اور احتجاج میں تمام سیاسی جماعتیں شرکت کریں گی۔ ان کے مطابق احتجاج کی قیادت وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کریں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ مذاکرات کو ترجیح دی ہے اور بات چیت کا اختیار محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو دے رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری مذاکرات کی پیشکش کو کمزوری سمجھا گیا، تاہم فی الحال حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہورہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کا خط موصول ہونا اچھی بات ہے اور اپوزیشن لیڈر کی جانب سے اس خط پر کوآرڈینیشن کی جارہی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود 10 ماہ سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہوسکی۔