تازہ ترین

پاکستان، جنوبی کوریا کا کاروباری روابط اور براہِ راست تعاون بڑھانے پر اتفاق

0

نیویارک: پاکستان اور جنوبی کوریا نے دوطرفہ اقتصادی روابط کو مزید وسعت دینے اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک نے کاروباری شعبوں کے درمیان براہِ راست روابط بڑھانے اور عالمی سطح پر باہمی تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ چو ہیون سے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔

اسحاق ڈار نے اقتصادی روابط کو فروغ دینے اور نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں کے درمیان روابط اور براہِ راست تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ چو ہیون نے علاقائی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے کثیرالجہتی نظام کی اہمیت پر بھی زور دیا اور اقوام متحدہ سمیت دیگر کثیرالجہتی فورمز پر باہمی دلچسپی کے امور پر مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.