تازہ ترین

خاران کے مغوی ڈپٹی کمشنر کے دو محافظ بازیاب، ڈی سی تاحال لاپتہ

0

خاران/نوشکی: خاران کے مغوی ڈپٹی کمشنر منیر سومرو کے دو محافظ بازیاب ہوکر اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہیں، تاہم ڈپٹی کمشنر اور ایک حوالدار تاحال لاپتہ ہیں۔ حکام کے مطابق مغویوں کی بازیابی کے لیے حکومت اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق ڈپٹی کمشنر خاران منیر سومرو گزشتہ دنوں مسلح افراد کی جانب سے اغوا کیے گئے تھے۔ ان کے ساتھ موجود گن مین، ڈرائیور بیرک اور یوسف بازیاب ہوکر اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہیں، جبکہ ڈپٹی کمشنر اور ان کا ایک حوالدار تاحال لاپتہ ہے۔

پولیس کے مطابق لاپتہ ڈپٹی کمشنر اور حوالدار کی بازیابی کے لیے حکومت اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

دریں اثنا میونسپل کمیٹی نوشکی کے کونسلر جانان بڑیچ بھی بازیاب ہوکر کوئٹہ سے بحفاظت نوشکی میں اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔ ان کی بحفاظت واپسی پر اہلِ خانہ، عزیز و اقارب اور حلقہ احباب میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

جانان بڑیچ کے اہلِ خانہ نے ان کی بازیابی کے لیے آواز اٹھانے، رابطے کرنے اور مختلف سطحوں پر کردار ادا کرنے والے علاقائی و قبائلی عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات، علما، تاجر برادری، میڈیا نمائندگان اور دیگر تمام طبقات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔

اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ مشکل وقت میں جن افراد نے جانان بڑیچ کی بحفاظت بازیابی کے لیے خلوص کے ساتھ ہر ممکن کوشش کی اور خاندان کے ساتھ کھڑے رہے، وہ ان کے بے حد شکر گزار ہیں۔ خاندان نے تمام معاونین کی ہمدردی، تعاون اور خلوص کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.