تازہ ترین

پشتون کلچر ڈے ثقافتی روایات، بھائی چارے اور امن کے پیغام کا دن ہے، ثنا اللہ زہری

0

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف آف جھالاوان نواب ثنا اللہ خان زہری نے پشتون کلچر ڈے کے موقع پر پشتون قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی ثقافت اور روایات کا تحفظ ہی کسی قوم کی شناخت اور تاریخی تسلسل کو برقرار رکھنے کی بنیاد ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں نواب ثنا اللہ زہری نے کہا کہ پشتون قوم نے اپنی ثقافت اور شناخت کے تحفظ کے لیے قربانیاں دی ہیں، جبکہ پشتون کلچر ڈے ثقافتی روایات، بھائی چارے اور امن کے پیغام کو اجاگر کرنے کا اہم موقع ہے۔

سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پشتون ثقافت اپنی شاندار روایات، مہمان نوازی، بہادری اور بھائی چارے کے باعث منفرد مقام رکھتی ہے۔ ثقافتی دن منانے کا مقصد اپنی تہذیب، روایات اور اقدار کو زندہ رکھنا اور نئی نسل کو اپنے ثقافتی ورثے سے روشناس کرانا ہے۔

نواب ثنا اللہ زہری نے کہا کہ ثقافتیں کسی بھی معاشرے کی شناخت کا اہم حصہ ہوتی ہیں اور ان کا تحفظ نئی نسل کو اپنی تاریخ اور اقدار سے جوڑے رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام ثقافتیں باہمی احترام، رواداری اور قومی یکجہتی کی خوبصورت علامت ہیں۔ مختلف ثقافتوں کا احترام اور ایک دوسرے کی روایات کو تسلیم کرنا معاشرے میں بھائی چارے اور ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.