کوئٹہ: بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مستونگ کے علاقے کنک وادی میں 9 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کارروائی کو سراہتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بروقت کارروائی کی تعریف کی ہے۔
ایک بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کنک وادی میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ ان کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں 9 دہشت گردوں کی ہلاکت فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کے لیے اپنے مذموم عزائم کی تکمیل چاہتے تھے، تاہم سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کے ذریعے ان کے منصوبے خاک میں ملا دیے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور 3 موٹرسائیکلیں بھی برآمد ہوئی ہیں، جو سیکیورٹی فورسز کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکار کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک حکومت اور عوام سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ’ردالفتنہ 3‘ کے تحت دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شرپسند عناصر کو صوبے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے جان و مال کا تحفظ اور صوبے میں پائیدار امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام ریاستی ادارے پوری قوت اور باہمی تعاون کے ساتھ متحرک ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و استحکام کے لیے فورسز کی جدوجہد جاری رہے گی اور دہشت گرد عناصر کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔