پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کو متوقع لانگ مارچ کے پیش نظر اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے درمیان آمدورفت کے لیے استعمال ہونے والے اہم راستوں پر سیکیورٹی اقدامات سخت کردیئے گئے ہیں، جبکہ موٹروے پولیس نے متعدد شاہراہوں اور موٹرویز کے حصے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق ایم ون کو اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک جبکہ ایم 14 کو ہکلہ سے کنڈل تک ٹریفک کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جی ٹی روڈ بھی اٹک خورد کے مقام پر بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ہزارہ موٹروے اور مختلف انٹرچینجز پر بھی ٹریفک کی روانی محدود کرنے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ حکام نے شہریوں کو سفری منصوبہ بندی میں احتیاط برتنے اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد میں ریڈ زون اور مختلف اہم مقامات پر سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے گئے ہیں، جبکہ شہر کے مختلف داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی اور چیکنگ بڑھا دی گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شہر میں پولیس، ایف سی اور رینجرز سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ حساس مقامات کی نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی اور دیگر ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں۔
سیکیورٹی انتظامات کے باعث بعض تعلیمی اداروں کی سرگرمیاں بھی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اقدامات کا مقصد امن و امان برقرار رکھنا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کی تیاریوں کا اعلان کیا ہے، تاہم پارٹی کے اندر مارچ کے روٹ اور حکمت عملی سے متعلق مختلف تجاویز بھی زیر غور ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔