گوادر میں ضلعی انتظامیہ کا اجلاس، عوامی ریلیف اور انتظامی امور کا جائزہ
گوادر میں ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی، عوامی سہولیات کی فراہمی اور مختلف انتظامی معاملات کو مؤثر بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی زیرصدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کے مختلف سب ڈویژنز میں جاری اقدامات اور عوامی ریلیف سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں تمام سب ڈویژنز میں صحت، تعلیم، مقررہ نرخنامے پر عملدرآمد، تجاوزات کے خاتمے اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سمیت مختلف شعبوں میں جاری کارروائیوں اور انتظامی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر تمام افسران نے اپنے اپنے علاقوں میں ہونے والی پیش رفت اور درپیش مسائل سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مفاد کو اولین ترجیح دیتے ہوئے بنیادی سہولیات کی فراہمی، سرکاری اداروں کی مؤثر نگرانی، مقررہ نرخنامے پر عملدرآمد اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو متعلقہ اشاریوں پر مؤثر عملدرآمد، فیلڈ مانیٹرنگ اور شفاف رپورٹنگ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام سب ڈویژنز کی کارکردگی پر مبنی جائزہ رپورٹ مرتب کرکے پیش کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ مختلف علاقوں میں انتظامی اقدامات کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی، شفاف انتظامی نظام اور عوام کو بروقت ریلیف کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی بنیادی ترجیحات ہیں، اس لیے تمام افسران اپنے فرائض ذمہ داری اور مؤثر انداز میں انجام دیں۔