تازہ ترین

اسرائیلی حکومت ٹرمپ کے غزہ منصوبے میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے، اردوان

0

ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ سے متعلق منصوبے کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے رجب طیب اردوان نے کہا کہ موجودہ حالات میں اقوام متحدہ امن کے قیام اور اسے برقرار رکھنے کی ذمہ داری پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق خطے کے مسائل کے حل کے لیے علاقائی سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے۔

ترک صدر نے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری علاقائی ملکیت کے اصول کے تحت قائم کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تعاون کا مقصد پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان یکجہتی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

رجب طیب اردوان نے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی آزادی برقرار رکھنے پر زور دیا اور کہا کہ خطے میں پائیدار استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔

فلسطین کے معاملے پر ترک صدر نے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی ریاست 1967 کی سرحدوں کے مطابق قائم ہونی چاہیے اور مشرقی یروشلم کو اس کا دارالحکومت ہونا چاہیے۔ انہوں نے غزہ کی تعمیر نو جلد شروع کرنے اور اسرائیل پر مزید دباؤ بڑھانے کی اپیل بھی کی۔

اردوان نے کہا کہ فلسطینی ریاست کے قیام کی کوششوں کو ناکام بنانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے شرم الشیخ میں ایک سال قبل طے پانے والے معاہدے پر عمل درآمد کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

ترک صدر کے خطاب کے دوران اسرائیلی وفد جنرل اسمبلی ہال سے واک آؤٹ کر گیا۔ اقوام متحدہ کی سابقہ کارروائیوں کے دوران بھی اسرائیلی حکام کے خطابات کے موقع پر بعض وفود کے واک آؤٹ کے واقعات پیش آچکے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.