تازہ ترین

کوئٹہ میں سماعت سے محروم بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے اہم مرکز کا افتتاح

0

کوئٹہ: بلوچستان میں سماعت سے محروم بچوں کی تعلیم، فنی تربیت اور بحالی کے لیے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں کوئٹہ میں اس نوعیت کا پہلا ڈیف چلڈرن ایکسی لینس اینڈ ریسرچ سینٹر قائم کردیا گیا ہے۔

وفاقی و صوبائی حکومت کے باہمی تعاون سے قائم کیے گئے مرکز کا باقاعدہ افتتاح وفاقی وزیر ثقافت اورنگزیب نے کیا۔ مرکز میں سماعت سے محروم تقریباً 350 بچے اور بچیاں زیرِ تعلیم ہیں، جہاں انہیں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ مختلف عملی اور فنی مہارتیں بھی سکھائی جارہی ہیں۔

ادارے میں سماعت سے محروم بچوں کو پرائمری سے ثانوی سطح تک تعلیم فراہم کی جارہی ہے جبکہ ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور مستقبل میں انہیں معاشرے کا خودمختار حصہ بنانے کے لیے جدید فنی تربیت پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔

سماعت سے محروم بچیوں کے لیے تعلیم کے ساتھ سلائی کڑھائی سمیت مختلف ہنر سیکھنے کے مواقع بھی فراہم کیے جارہے ہیں، تاکہ وہ مستقبل میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے خود کفیل بن سکیں۔

بلوچستان میں اس نوعیت کے مرکز کا قیام سماعت سے محروم بچوں کی تعلیم، تربیت، نگہداشت، فنی مہارت اور بحالی کے حوالے سے اہم پیشرفت قرار دیا جارہا ہے، جس سے خصوصی بچوں کو بہتر تعلیمی اور عملی مواقع میسر آنے کی توقع ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.