تازہ ترین

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ، سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ

0

خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے جائزے کے لیے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خیبر پختونخوا میں جاری انسداد دہشت گردی کارروائیوں، بارڈر مینجمنٹ اقدامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے آگاہ کیا گیا۔

انہوں نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ملک و قوم کے تحفظ کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔ فیلڈ مارشل نے فارمیشنز کو ہمہ وقت چوکس رہنے اور آپریشنل تیاری کے اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ دہشت گردی کو شکست دینے اور ملک بھر میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کے عزم پر قائم ہیں۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

پشاور پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.