پاکستان ڈیجیٹل معیشت اور ورچوئل اثاثوں کے شعبے میں باقاعدہ اور منظم نظام کی جانب پیش رفت کر رہا ہے، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اقوام متحدہ کے ڈیجیٹل تعاون کے دن 2026 کے موقع پر پاکستان کی ترجیحات واضح کردیں۔
نیویارک میں منعقدہ اجلاس سے ابتدائی خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ ورچوئل اثاثوں اور ٹوکنائزیشن کا استعمال حقیقی معاشی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق اس شعبے میں سستی ترسیلات زر، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے مالی معاونت، حکومتی قرضوں اور وسیع تر مالی رسائی جیسے معاملات کو اہمیت دی جانی چاہیے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے زور دیا کہ نجی شعبے میں جدت اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ریاستی سطح پر مضبوط حفاظتی اقدامات بھی ضروری ہیں۔ انہوں نے جامع ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور بین الاقوامی تعاون کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت اور نئی ٹیکنالوجیز کے حوالے سے عالمی معیارات تشکیل دیتے وقت ترقی پذیر معیشتوں کو بھی فیصلہ سازی کے عمل میں مؤثر طور پر شامل کیا جانا چاہیے۔