وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ اسلام آباد جانے کا حتمی پلان 25 ستمبر کو واضح کردیا جائے گا۔
پشاور میں سینیئر پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سیاسی اور آئینی راستے اختیار کیے، تاہم کہیں شنوائی نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا ان کا آئینی اور جمہوری حق ہے، لانگ مارچ پرامن ہوگا اور کسی کو انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات، ان کے علاج اور سیاسی حقوق سے متعلق مطالبات بدستور موجود ہیں۔
ان کے مطابق پارٹی متعدد مرتبہ عدالتوں سے رجوع کرچکی ہے، لیکن مسائل حل نہیں ہوئے، جس کے باعث اب لانگ مارچ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے واضح کیاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا احتجاج کے لیے ریاستی وسائل استعمال نہیں کریں گے۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سیاسی بحران کے حل کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہاکہ ملک کو جمہوری طریقے سے آگے بڑھایا جائے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے 27 ستمبر کے احتجاج اور لانگ مارچ کے اعلان کے بعد حکومت کی جانب سے مظاہرین کو روکنے کی تیاری کی جارہی ہے، اور ملک میں سیاسی کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔