تازہ ترین

جماعت اسلامی کے مارچ کا دباؤ، حکومت نے ایک سال کے لیے لیوی ختم کرنے کی پیشکش کردی

0

اسلام آباد: پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان جاری مذاکرات میں پیش رفت کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں، حکومت کی جانب سے ایک سال کے لیے پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کا سپر لانگ مارچ اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے اور اسی دوران حکومت نے ایک بار پھر جماعت اسلامی کی قیادت سے رابطہ کرکے مارچ روکنے پر زور دیا ہے۔

جماعت اسلامی نے تاہم اپنا مؤقف برقرار رکھتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کے مکمل خاتمے تک احتجاجی تحریک ختم نہیں کی جائے گی۔ جماعت اسلامی کے مطابق حکومت کی جانب سے پیش کیا جانے والا عارضی ریلیف مستقل حل کا متبادل نہیں ہوسکتا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد کی جانب سے ایک بڑے عوامی ریلیف پیکیج کی پیشکش بھی کی گئی ہے، جبکہ مجوزہ پیکیج کی منظوری جماعت اسلامی کی تکنیکی کمیٹی کی مشاورت سے مشروط بتائی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومتی وفد نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے تجاویز پر غور کی یقین دہانی بھی کرائی ہے، جبکہ وزیراعظم کی وطن واپسی کے بعد جماعت اسلامی کی قیادت سے ملاقات کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

جماعت اسلامی کی جانب سے عندیہ دیا گیا ہے کہ اگر حکومت عوام کو ریلیف دینے کے معاملے میں سنجیدہ پیش رفت کرتی ہے تو احتجاجی مارچ میں وقفہ کیا جاسکتا ہے، تاہم پیٹرولیم لیوی کے مستقل خاتمے تک مارچ ختم کرنے پر اتفاق نہیں ہوگا۔

حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر مذاکرات کے پانچ ادوار ہوچکے ہیں۔ گزشتہ مذاکرات میں حکومت نے سکیورٹی خدشات کے باعث مارچ مؤخر کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم جماعت اسلامی نے لیوی کے خاتمے تک مارچ جاری رکھنے کا مؤقف اختیار کیا تھا۔

حکومت کی جانب سے ایک سال کے لیے پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کی تجویز اور اضافی عوامی ریلیف پیکیج کی پیشکش کے بعد اب مذاکرات میں کسی حتمی پیش رفت کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، تاہم تاحال فریقین کے درمیان حتمی معاہدہ سامنے نہیں آیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.