محسن نقوی کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات، علاقائی صورتحال اور پاک ایران تعلقات پر گفتگو
خطے میں جاری کشیدگی کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطہ ہوا ہے، جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں اپنے ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاک ایران دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری تعاون پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔
ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
اسکندر مومنی نے محسن نقوی کے حالیہ دورہ پاکستان کو بھی مفید قرار دیا اور کہا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات آنے والے دنوں میں مزید مستحکم ہوں گے۔ دونوں جانب سے باہمی تعاون اور رابطوں کو جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
پاکستان اس سے قبل بھی خطے میں کشیدگی کم کرنے اور فریقین کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے سفارتی رابطے کرتا رہا ہے۔ تاہم موجودہ دورے کے حوالے سے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا تھا کہ اس کا بنیادی محور دوطرفہ معاملات اور پہلے سے طے شدہ امور پر پیش رفت ہے۔