تازہ ترین

ڈپٹی کمشنر خاران منیر سومرو کے مبینہ اغوا کی اطلاع، تلاش شروع

0

کوئٹہ: خاران کے ڈپٹی کمشنر منیر احمد سومرو اور ان کے دو ذاتی محافظوں سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد ان کے مبینہ اغوا کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر خاران منیر احمد سومرو اتوار کے روز نوشکی، خاران روڈ پر موجود تھے جہاں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے انہیں مبینہ طور پر اغوا کیے جانے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر اور ان کے دونوں ذاتی محافظوں کے موبائل فون مسلسل بند جا رہے ہیں، جس کے باعث ان سے رابطہ نہیں ہو پا رہا۔ تاہم تاحال ڈپٹی کمشنر یا ان کے محافظوں کے اغوا کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر خاران سے رابطے کی مسلسل کوششیں جاری ہیں، جبکہ ان کی تلاش کے لیے نوشکی، خاران اور چاغی پولیس کو متحرک کردیا گیا ہے۔

اب تک کی اطلاعات کے مطابق ڈپٹی کمشنر منیر احمد سومرو اور ان کے دونوں محافظوں کا سراغ نہیں مل سکا۔ واقعے سے متعلق مزید معلومات اور سرکاری تصدیق کا انتظار ہے۔

دستیاب سابقہ سرکاری ریکارڈ میں منیر احمد سومرو کو ڈپٹی کمشنر خاران کے طور پر درج کیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.