مستونگ کے قریب تباہ پل فوری بحال، این-40 پر آمدورفت شروع
مستونگ کے قریب پنج پائی میں این-40 شاہراہ پر تباہ ہونے والے رابطہ پل کی فوری مرمت مکمل کرکے آمدورفت بحال کردی گئی ہے، فرنٹیئر کور بلوچستان نے افرادی قوت اور مشینری استعمال کرتے ہوئے پل کو مختصر وقت میں دوبارہ قابلِ استعمال بنا دیا۔
پل کی تباہی کے باعث شاہراہ پر سفر کرنے والے شہریوں اور دیگر مسافروں کو مشکلات کا سامنا تھا، تاہم فرنٹیئر کور نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مرمتی کام شروع کیا اور پل کی بحالی کے بعد این-40 پر ٹریفک دوبارہ رواں ہوگئی۔
فرنٹیئر کور بلوچستان نے پل کی مرمت کے لیے دستیاب مشینری، آلات اور افرادی قوت استعمال کی، جس کے نتیجے میں اہم رابطہ بحال ہوگیا۔
پل کی فوری بحالی پر مقامی شہریوں نے فرنٹیئر کور کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں بروقت کارروائی سے عوام کی مشکلات کم ہوئیں اور آمدورفت بحال ہوئی۔
این-40 بلوچستان کی اہم شاہراہوں میں شمار ہوتی ہے اور اس پر مسافر اور مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت ہوتی ہے، جس کے باعث پل کی فوری بحالی سے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں مدد ملی۔