اسحاق ڈار نیویارک روانہ،اقوام متحدہ اجلاس میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ اعلیٰ سطح کی مختلف سفارتی سرگرمیوں میں شریک ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اعلیٰ سطحی ہفتہ 21 سے 25 ستمبر تک جاری رہے گا، جس دوران نائب وزیراعظم کا مصروف اور وسیع تر پروگرام ہوگا۔ اسحاق ڈار جموں و کشمیر سے متعلق او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کریں گے۔
وزیر خارجہ جنرل اسمبلی کے موقع پر او آئی سی کے متعدد وزارتی اجلاسوں میں بھی شریک ہوں گے، جن میں او آئی سی وزرائے خارجہ کا سالانہ رابطہ اجلاس اور دیگر رابطہ گروپ کے اجلاس شامل ہیں۔
فلسطین کے معاملے پر پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کرنے کیلئے اسحاق ڈار مختلف اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے۔ ان میں عرب و اسلامی ممالک کے گروپ کے آٹھ ممالک کا اجلاس اور دو ریاستی حل پر عملدرآمد کیلئے عالمی اتحاد کا اعلیٰ سطحی وزارتی اجلاس بھی شامل ہے۔
اسحاق ڈار مصنوعی ذہانت کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کریں گے جبکہ وبائی امراض کی روک تھام، تیاری اور مؤثر ردعمل سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ وہ اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور دیگر ہم منصبوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ اعلیٰ سطح کی دوطرفہ ملاقاتوں اور دیگر اہم سفارتی سرگرمیوں میں بھی شریک ہوں گے۔
ان ملاقاتوں اور اجلاسوں کے دوران اسحاق ڈار علاقائی اور عالمی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی جاری کوششوں کو اجاگر کریں گے اور اہم علاقائی و بین الاقوامی معاملات پر مختلف ممالک کے نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔