پاکستان کے اسٹار فائٹر شاہ زیب رند نے میامی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ’دی ہیلو: 8 مین ٹورنامنٹ‘ کی چیمپئن شپ اپنے نام کرلی، جہاں انہوں نے ایک ہی رات میں ہونے والے تینوں مقابلے ناک آؤٹ کے ذریعے جیتے۔
فلوریڈا کے شہر میامی میں بونک اسٹوڈیوز میں منعقدہ 155 پاؤنڈ لائٹ ویٹ ٹورنامنٹ میں 8 فائٹرز نے حصہ لیا۔ شاہ زیب رند نے کوارٹر فائنل میں نک لونگوریا کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی، جس کے بعد چند گھنٹوں کے دوران سیمی فائنل اور فائنل بھی ناک آؤٹ سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
شاہ زیب رند اس سے قبل سنگاپور میں کیرٹی کومبیٹ چیمپئن شپ کے 49ویں ایونٹ میں کامیابی حاصل کرکے پاکستان کے پہلے عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کرچکے ہیں۔ انہوں نے فائنل میں برازیل کے برونو رابرٹو ڈی اسس کو شکست دی تھی۔
میکسیکو سٹی میں کیرٹی کومبیٹ 44 کے دوران رند نے پیرو کے مارکو کیوباس کو صرف 21 سیکنڈز میں فلائنگ نی کے ذریعے ناک آؤٹ کیا تھا۔ وہ سابق تین مرتبہ کے عالمی چیمپئن ایڈگرز اسکریورز کے خلاف بھی ناک آؤٹ فتح حاصل کرچکے ہیں، جبکہ 2023 میں کارلوس گویرا کے خلاف بیئر نیکل ایم ایم اے میں بھی ناک آؤٹ کامیابی حاصل کی۔
شاہ زیب رند پاکستان کے نمبر ایک رینکڈ ووشو فائٹر ہیں اور ووشو و کک باکسنگ میں ان کا مجموعی ریکارڈ 75 فتوحات اور 4 شکستوں پر مشتمل ہے۔ رند کے مطابق ان کے ریکارڈ کا بڑا حصہ انہوں نے یوٹیوب ویڈیوز سے خود تربیت حاصل کرکے بنایا۔