تازہ ترین

پی ٹی آئی، جماعت اسلامی مارچ؛ اسلام آباد ریڈ زون سیل کرنے کے انتظامات سخت

0

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے مجوزہ مارچ کے پیش نظر ریڈ زون کو محفوظ بنانے کیلئے انتظامات مزید سخت کردیئے گئے ہیں، جہاں مختلف مقامات پر کنٹینرز لگا کر انہیں آپس میں ویلڈ کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں آسانی سے ہٹایا نہ جا سکے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے ریڈ زون کو سیل کرنے کا عمل جاری ہے اور مختلف مقامات پر کنٹینرز کو ایک دوسرے کے ساتھ لوہے کی سلاخوں اور پتریوں کے ذریعے ویلڈ کیا جا رہا ہے۔ کنٹینرز کی دیواریں بنانے کے ساتھ ان کے پیچھے مزید کنٹینرز بھی رکھے جا رہے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق کنٹینرز کو ویلڈ کرنے کا مقصد انہیں اپنی جگہ سے ہٹانا مشکل بنانا ہے۔ وفاقی پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ مارچ کے شرکا کسی صورت ریڈ زون میں داخل نہ ہونے پائیں۔

تازہ انتظامات کے تحت ریڈ زون کی جانب جانے والے راستوں کو بند کرنے کیلئے کنٹینرز کی متعدد تہیں لگانے اور اضافی نفری تعینات کرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ اسلام آباد پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی چھٹیوں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ماضی میں احتجاج کے دوران مظاہرین کی جانب سے کنٹینرز ہٹا کر ریڈ زون میں داخل ہونے کے واقعات پیش آچکے ہیں، جس کے پیش نظر اس مرتبہ کنٹینرز کو ویلڈ کرکے مزید مضبوط بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.