تازہ ترین

ایران امریکا کشیدگی`محسن نقوی آج ایران جائیں گے، اہم ملاقاتیں متوقع

0

تہران: پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی آج تہران کا دورہ کر رہے ہیں، جہاں ایرانی حکام کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور پہلے سے طے شدہ معاہدوں سے متعلق امور پر بات چیت متوقع ہے۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی رابطوں کے حوالے سے خطے میں سرگرمیاں جاری ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تصدیق کی ہے کہ محسن نقوی کا دورہ بنیادی طور پر پاکستان اور ایران کے دوطرفہ معاملات تک محدود ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں کسی ایسے مخصوص امریکی پیغام یا تجویز کا علم نہیں جو پاکستانی وزیر داخلہ تہران میں ایران تک پہنچانے والے ہوں۔

ایرانی ترجمان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور پہلے سے طے شدہ مفاہمتوں پر بات چیت دورے کا اہم حصہ ہوگی۔ ایرانی حکام نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ روابط میں حالیہ بہتری کا بھی ذکر کیا ہے۔

محسن نقوی کا دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور سفارتی سطح پر رابطوں اور ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے مختلف کوششیں جاری ہیں۔ تاہم ایرانی وزارت خارجہ نے محسن نقوی کے موجودہ دورے کو کسی مخصوص امریکی پیغام یا ثالثی اقدام سے جوڑنے کی تصدیق نہیں کی۔

ایرانی حکام کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ معاملات کے ساتھ خطے کی صورتحال بھی اہم موضوعات میں شامل ہوسکتی ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کا سلسلہ حالیہ عرصے میں جاری رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.