اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت ایران کا حق ہے: اسماعیل بقائی
ایران نے امریکا سے ویزے ملنے کے بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں شرکت کے معاملے پر اپنا مؤقف واضح کردیا ہے، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ جنرل اسمبلی میں شرکت ایران کا قانونی حق ہے اور تہران اس عالمی فورم سے دستبردار نہیں ہوگا۔
اسماعیل بقائی کے مطابق نیویارک کا سفر ایرانی سفارت کاروں کے لیے کوئی خاص کشش نہیں رکھتا، تاہم اقوام متحدہ ایسا عالمی فورم ہے جسے ایران چھوڑنا نہیں چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں شرکت کے ذریعے ایرانی قوم کا مؤقف عالمی سطح پر واضح انداز میں پیش کیا جائے گا۔
ایرانی ترجمان نے کہا کہ نیویارک کے دورے کو کسی بھی صورت ایران کی کمزوری کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے، بلکہ ایرانی وفد کی شرکت ملک کی خودمختاری اور اپنے مؤقف کے اظہار کا ذریعہ ہونی چاہیے۔
دوسری جانب امریکا نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر بنیادی وفد کے ارکان کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کے لیے ویزے دینے کی تصدیق کی ہے۔ تاہم امریکی حکام کے مطابق ایرانی وفد کو سفری اور بعض خریداری کی پابندیوں کا سامنا رہے گا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اعلیٰ سطحی اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان شدید کشیدگی برقرار ہے۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے اجلاس سے خطاب کا بھی شیڈول ہے۔
ایرانی مؤقف کے مطابق جنرل اسمبلی ایران کے لیے عالمی سطح پر اپنا مؤقف پیش کرنے کا اہم پلیٹ فارم ہے اور تہران موجودہ حالات میں بھی اس فورم میں اپنی شرکت کو ضروری سمجھتا ہے۔