تازہ ترین

احتجاج اور دھرنوں سے معیشت کو یومیہ 120 ارب روپے کا نقصان ہوگا: وزیر خزانہ

0

پاکستان کی معیشت کو استحکام سے ترقی کی جانب لے جانے کے حکومتی دعووں کے درمیان وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے احتجاج، ہڑتالوں اور دھرنوں کے ممکنہ معاشی اثرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے روزانہ 120 ارب روپے تک نقصان کا تخمینہ پیش کیا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری، ترسیلات زر میں اضافہ اور بیرونی شعبے میں پیش رفت کے باعث پاکستان معاشی استحکام سے معاشی ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔

وزیر خزانہ کے مطابق مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال بھی عالمی تجارت کے لیے چیلنجز پیدا کر رہی ہے، جبکہ سپلائی چین میں خلل، فریٹ اور انشورنس اخراجات میں اضافے کے اثرات عالمی تجارت پر پڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں مارچ، ہڑتالوں اور دھرنوں سے معاشی سرگرمیوں میں تعطل پیدا ہوسکتا ہے اور اس سے معاشی ترقی کا سفر متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

محمد اورنگزیب کے مطابق احتجاج اور دھرنوں کے باعث معیشت کو یومیہ تقریباً 120 ارب روپے کا نقصان ہوسکتا ہے، جس میں سروسز سیکٹر کو تقریباً 86 ارب روپے، صنعتی شعبے کو تقریباً 25 ارب روپے جبکہ حکومتی ریونیو کو تقریباً 17 ارب روپے کے نقصان کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں میں تعطل پاکستان کے لیے اپنے ہاتھوں سے پیدا کیا ہوا نقصان ثابت ہوسکتا ہے، اس لیے موجودہ حالات میں معاشی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے دشمن قوتیں ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.