قلات کے قریب سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں پانچ دہشت گردوں کی ہلاکت اور 23 مغوی افراد کی بحفاظت بازیابی کے بعد بلوچستان حکومت نے کارروائی کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے قلات کے قریب سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کی ہلاکت اور 23 مغوی افراد کی بحفاظت بازیابی کو اہم کامیابی قرار دیا۔
شاہد رند کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے قومی شاہراہ پر عوام کی پُرامن آمدورفت متاثر کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 گاڑیاں بھی برآمد کی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی قبضے میں لیا گیا، جبکہ سکیورٹی فورسز نے مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرلیا۔
شاہد رند نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بروقت ردعمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔