تازہ ترین

علیمہ خان کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی

0

علیمہ خان کی گرفتاری پر خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔ انہوں نے گرفتاری کے طریقہ کار پر اعتراض کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام قرار دیا اور خواتین کے ساتھ کیے جانے والے سلوک پر سوالات اٹھائے ہیں۔

سہیل آفریدی نے اپنے بیان میں کہا کہ علیمہ خان کو جس انداز میں گرفتار کیا گیا وہ سیاسی انتقام ہے اور چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاتون چیف جسٹس کے ہوتے ہوئے پنجاب میں خواتین کے ساتھ ایسا سلوک قابلِ افسوس ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مطالبہ کیا کہ اگر سیاسی اختلاف عمران خان سے ہے تو ان کے نظریے اور سیاست سے مقابلہ کیا جائے۔ ان کے مطابق عمران خان کی اہلیہ، بہنوں اور خاندان کی خواتین کو نشانہ بنانا سیاسی اختلاف کا مناسب طریقہ نہیں۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ خواتین کو ہراساں یا گرفتار کرکے کسی نظریے کو شکست نہیں دی جاسکتی اور خاندانوں کو دباؤ کا ذریعہ بنا کر سیاسی اختلاف ختم نہیں کیا جاسکتا۔

دوسری جانب لاہور کے ڈپٹی کمشنر نے علیمہ خان کے خلاف 30 روزہ نظربندی کے احکامات جاری کیے ہیں۔ سرکاری حکم نامے میں پولیس اور ضلعی انٹیلی جنس رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے امن و امان سے متعلق خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.