تازہ ترین

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے فرانسیسی سیکریٹری جنرل کی ملاقات، علاقائی سکیورٹی پر گفتگو

0

راولپنڈی: پاکستان اور فرانس کے درمیان دفاعی و سکیورٹی تعاون کے فروغ کے حوالے سے اہم رابطہ ہوا ہے، فرانسیسی سیکریٹری جنرل برائے دفاع و قومی سلامتی نکولس روش نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

نکولس روش نے پاکستان میں فرانس کے سفیر ژاں نوئل پوئریئر کے ہمراہ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی کی صورتحال اور دفاع و سکیورٹی کے شعبوں میں پاکستان اور فرانس کے درمیان دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دفاع و سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

فرانسیسی سیکریٹری جنرل نکولس روش نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے میں فرانس کی دلچسپی کا اظہار کیا۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط میں دفاع، سکیورٹی اور علاقائی صورتحال سمیت مختلف شعبوں پر تعاون بڑھانے پر توجہ دی جارہی ہے۔ گزشتہ روز نیویارک میں پاکستان اور فرانس کے وزرائے خارجہ نے بھی دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.