سعودی قومی دن، مریم نواز کی سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد
لاہور: سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام مکہ معاہدے پر خوش ہیں، جبکہ پاکستانی عوام حرمین شریفین کی حفاظت اور خدمت کو اپنے لیے باعثِ سعادت سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور قیادت سعودی عرب کو محبت، عقیدت اور احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور سعودی عرب میں امن، خوشحالی اور مزید ترقی کے لیے دعاگو ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی اعتماد، اخلاص، اسلامی بھائی چارے اور دیرینہ محبت پر قائم ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مضبوط جذباتی وابستگی بھی موجود ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مکہ معاہدہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے بھی اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت اور وژن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکمت عملی اور بصیرت کے باعث سعودی عرب عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام کے اختتام پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قائم برادرانہ تعلقات کو ہمیشہ مضبوط اور قائم رکھے۔