تازہ ترین

سلامتی کونسل کا کوہاٹ حملے کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے پر زور

0

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں مسجد پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشتگردی کے ذمہ داروں، منصوبہ سازوں، مالی معاونین اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے پر زور دیا ہے۔

سلامتی کونسل کے صدر اور فرانس کے نمائندے جیروم بونافون کی جانب سے جاری بیان میں 18 ستمبر 2026 کو کوہاٹ میں ہونے والے حملے کو سنگین اور بزدلانہ دہشتگرد کارروائی قرار دیا گیا۔

بیان کے مطابق حملے میں کم از کم 24 پاکستانی شہری شہید ہوئے، جن میں 7 عام شہری اور 17 قانون نافذ کرنے والے اہلکار شامل تھے، جبکہ کم از کم 88 افراد زخمی ہوئے۔ حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے منسلک عناصر سمیت ایک دہشتگرد گروہ کی جانب سے قبول کیے جانے کا بھی ذکر کیا گیا۔

سلامتی کونسل کے ارکان نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا جبکہ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ارکان نے زور دیا کہ دہشتگردی کی اس کارروائی کے مرتکبین، منصوبہ سازوں، مالی معاونین اور سرپرستوں کو جواب دہ بنایا جائے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

سلامتی کونسل نے تمام ممالک پر بھی زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت دہشتگردی کے معاملے میں حکومت پاکستان کے ساتھ فعال تعاون کریں۔

بیان میں ایک بار پھر واضح کیا گیا کہ دہشتگردی کی کوئی بھی کارروائی مجرمانہ اور ناقابل جواز ہے، خواہ اس کا مقصد یا محرک کچھ بھی ہو اور اسے کہیں بھی، کسی بھی وقت اور کسی کی جانب سے انجام دیا جائے۔

سلامتی کونسل نے تمام ریاستوں پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی پاسداری کرتے ہوئے دہشتگردی سے پیدا ہونے والے عالمی امن و سلامتی کے خطرات کا ہر ممکن طریقے سے مقابلہ کریں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.