سعودی قومی دن، صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی قیادت کو مبارکباد
پاکستانی قیادت نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے تہنیتی پیغامات میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ عقیدے، تاریخی وابستگی، باہمی اعتماد اور دوستی کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور حالیہ تزویراتی معاہدے دیرینہ شراکت داری میں اہم پیش رفت ہیں، جو خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے۔
صدرِ مملکت کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب مختلف شعبوں کے علاوہ دوطرفہ، علاقائی اور عالمی سطح پر بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
آصف علی زرداری نے امید ظاہر کی کہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے اور باہمی مفاد کے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے پاکستان کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے ساتھ مل کر دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے منتظر ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی باہمی دفاعی معاہدہ دوطرفہ تعلقات کی اہمیت اور باہمی تعاون کے عزم کا واضح اظہار ہے۔
شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثی حملوں اور خصوصاً مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی مبینہ ڈرون حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کی حرمت اور سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور دفاع کے تحفظ کے لیے اس کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ اور دیرینہ تعلقات آنے والے دنوں میں مزید مضبوط اور وسیع ہوں گے۔