شہباز شریف کی بل گیٹس سے ملاقات، پولیو کے خاتمے اور زراعت پر اہم گفتگو
وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں پولیو کے خاتمے سمیت صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکہ جات، ڈیجیٹل شعبے، مالیاتی شمولیت اور زراعت میں تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پولیو کے خلاف جنگ میں گیٹس فاؤنڈیشن کی طویل عرصے سے جاری معاونت کو سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے ذاتی توجہ اور عزم کے ساتھ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
بل گیٹس نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آنے والی نسلوں کو اس بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیو کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں کو پولیو ویکسینیشن پروگرام کے حوالے سے وزیراعظم کی رہنمائی کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی میں گیٹس فاؤنڈیشن کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے صحت عامہ، زراعت، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے بل گیٹس کو پاکستان میں زرعی شعبے میں جاری اصلاحات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت جدید ٹیکنالوجی، حیاتیاتی تحقیق، موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت، تحقیق اور کسانوں کی صلاحیتوں میں اضافے پر توجہ دے رہی ہے۔
ملاقات میں بہتر اور معیاری بیجوں کی تیاری، مویشیوں کی جینیاتی بہتری اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ میں تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی پائیدار ترقی، تکنیکی پیش رفت اور سماجی شعبوں میں بہتری کے لیے باہمی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بل گیٹس کو پاکستان کا دوبارہ دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔