تازہ ترین

مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 9 مبینہ دہشت گرد ہلاک

0

مستونگ: بلوچستان کے ضلع مستونگ کی کانک وادی میں سیکیورٹی فورسز نے سیکیورٹی پوسٹ پر حملے کی مبینہ کوشش ناکام بناتے ہوئے 9 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران ایک اہلکار بھی زخمی ہوا، جبکہ ہلاک افراد کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور 3 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مبینہ شدت پسندوں نے کانک وادی میں سیکیورٹی پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، جس پر فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی۔ ابتدائی فائرنگ کے تبادلے میں 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی جھڑپ کے بعد باقی مبینہ شدت پسند علاقے سے فرار ہونے کی کوشش کرنے لگے، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے ان کا تعاقب جاری رکھا اور بعد ازاں مزید 7 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جس کے بعد کارروائی میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک افراد کا تعلق فتنہ الخوارج سے بتایا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود کے علاوہ 3 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔ ایک سیکیورٹی اہلکار فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی جاری رہی تاکہ فرار ہونے والے کسی بھی مبینہ شدت پسند کی موجودگی کا سراغ لگایا جاسکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.