تربت: بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، ضلع تربت کے علاقے جوسک میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنۃ الہندوستان کے عناصر سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جوسک کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شروع کیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران بعض دہشت گرد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کا سیکیورٹی فورسز کی جانب سے تعاقب جاری ہے۔ فرار عناصر کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن مزید وسیع کردیا گیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز کے مطابق علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کے لیے سرچ، کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن بھی جاری ہے، جبکہ ممکنہ طور پر چھپے دیگر دہشت گردوں کی تلاش کی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشن رد الفتنہ 3 کے تحت انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بلوچستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں غیر متزلزل عزم کے ساتھ جاری رہیں گی، جبکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں امن و استحکام کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔