وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ افغانستان میں افغان طالبان کے زیر کنٹرول علاقوں میں 10 مقامات پر دہشتگردوں کے ٹھکانے اور معاون انفرااسٹرکچر تباہ کردیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ درست نشانے اور ڈرون حملوں کے ذریعے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا، کارروائی میں ڈرون لانچ کرنے اور ذخیرہ کرنے کے مقامات بھی نشانہ بنائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اہداف پاکستان کے اندر نہتے شہریوں کے خلاف دہشتگرد حملوں سے منسلک تھے، جبکہ 23 ستمبر کو افغان طالبان حکومت کی جانب سے ڈرون کی دراندازی کی کوشش بھی ناکام بنائی گئی تھی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اپنی علاقائی سالمیت کے دفاع اور اپنے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرونی سرپرستی، پناہ اور معاونت حاصل کرنے والے دہشتگرد پراکسیز سے لاحق خطرے کے خلاف پاکستان اپنے شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے گا۔